سی ٹی آئی کیلئے مختص نشستوں میں20فیصد کمی کی ہدایت

صوبے بھر کے ڈویژنز میں سی ٹی آئی کی نشستوں کی ازسرنو تقسیم کا فیصلہ
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب میں کالج ٹیچرز انٹرنز (سی ٹی آئی) انڈکشن 2026-27 کے لیے مختص نشستوں میں 20 فیصد کمی کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کی ہدایت پر صوبے بھر کے ڈویڑنز میں سی ٹی آئی کی نشستوں کی ازسرنو تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق زیادہ نشستیں مختص رکھنے والے کالجز اور مضامین سے نشستوں میں کٹوتی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے تمام ڈویڑنز کو نشستوں کی موجودہ تقسیم کا جائزہ لے کر نئی مجوزہ تقسیم تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ہدایت کے مطابق نظرثانی شدہ فہرست میں کالج کا نام، سی ایم آئی ایس کوڈ اور متعلقہ مضمون کی تفصیلات شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر کالج اور مضمون کے لیے پہلے سے مختص نشستوں اور مجوزہ نئی نشستوں کی تعداد بھی درج کرنا ہوگی۔سی ٹی آئی انڈکشن 2026-27 کے لیے بھرتیوں سے قبل نشستوں میں کمی اور ازسرنو تقسیم کے اس فیصلے کے تحت پنجاب بھر کے کالجز میں مختص اسامیوں کی تعداد میں ردوبدل کیا جائے گا۔