شادی سے واپسی پر جنڈیالہ شیر خان کے قریب حملہ ،رانا اسلم ، شمائلہ اور محسن دم توڑ گئے ، کائنات زخمی ، بچہ محفوظ رہا
شیخوپورہ (خصوصی رپورٹ )دیرینہ رنجش پر شادی کی تقریب سے واپسی پر مخالفین کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق،راہگیروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔بتایاگیا ہے کہ نوشہرہ ورکاں کے نواحی گا ئوں اولکھ بھائیکے کے ڈیرہ میرے والا کا رانا اسلم اپنی اہلیہ شمائلہ اور دوست محسن ساکن تھابل کے ہمراہ شادی کی تقریب میں شرکت کرکے واپس نوشہرہ ورکاں آرہاتھا کہ جنڈیالہ شیر خان کے قریب دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کردی ،شدید فائرنگ سے رانا اسلم عرف رانا کودی، اسکی اہلیہ شمائلہ بی بی اور دوست محسن موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک خاتون کائنات زوجہ اسد عمر شدیدزخمی ہو گئی، گاڑی میں موجود ایک سالہ بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہاجبکہ فائرنگ کی زد میں آکر عبدالغفور سمیت2راہگیر زخمی ہوگئے، وقوعہ کی اطلاع پر ڈی پی او شیخو پورہ بلال ظفر موقع پر پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق مقامی پولیس نے تہرے قتل کی واردات کے بعد فرار ہونے والے5ملزموں کو تعاقب کرکے اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ منتقل کردیا گیا۔