نیا دریافت شدہ پھول سٹار فٹبالر میسی کے نام سے منسوب

سٹار فٹبالر کا نام نباتات کی دنیا میں بھی ہمیشہ کے لیے امر ہو جائے گا:رپورٹ
لندن (سپورٹس ڈیسک)فٹبال کی دنیا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کو اپنے کیریئر کے دوران کئی اعزازات ملے ہیں جن میں ان کے نام پر اسٹیڈیم اور سڑکیں بنانا شامل ہے لیکن اس بار انہیں ایک ایسا انوکھا اعزاز ملا ہے جس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔ سائنسدانوں نے پیرو کے پہاڑوں میں دریافت ہونے والی پودوں کی ایک نئی قسم کا نام اس ارجنٹائن فٹبالر کے نام پر سلویہ میسی رکھا ہے۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق،اس نام کو رکھنے کی ایک خاص وجہ بھی ہے کیونکہ پیرو کے انڈیز پہاڑوں میں پایا جانے والے اس پودے کے پھول خوبصورت ہلکے نیلے اور سفید رنگ کے ہوتے ہیں جو بالکل ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم کی جرسی میں بھی نمایاں ہیں۔میسی کے لیے جنہوں نے فٹبال کی دنیا میں تقریبا ہر بڑا اعزاز اپنے نام کیا ہے، یہ ان کی شاندار میراث میں ایک اور انوکھا اضافہ ہے۔ اس طرح ان کا نام اب نہ صرف فٹبال کے ریکارڈ کی کتابوں میں زندہ رہے گا بلکہ نباتات کی دنیا میں بھی ہمیشہ کے لیے امر ہو جائے گا۔