پاکپتن:ریت نکالتے کنویں میں تودہ گرنے سے2 نوجوان جاں بحق

پاکپتن (خصوصی رپورٹ)پاکپتن کی تحصیل عارفوالا کے علاقہ موہر سنگھ میں گھر کی تعمیر کیلئے کنویں سے ریت نکالتے مٹی کا تودہ گرنے سے 2 قریبی رشتہ دار نوجوان دب کر جاں بحق ہوگئے۔18 سالہ رمضان ولد ریاض کی لاش 22 گھنٹے طویل کٹھن ریسکیو آپریشن کے بعد نکال لی گئی۔ اس سے قبل 35 سالہ منیر ولد اصغر کی لاش نکالی گئی تھی۔ ڈپٹی کمشنرپاکپتن آصف رضا نے دونوں نوجوانوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر عارفوالا ثوبیہ فلک کی سربراہی میں آپریشن مکمل کرنے پر ریسکیو 1122، محکمہ ریونیو، ستھرا پنجاب ایجنسی، پیرا فورس، پنجاب پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ریتلی مٹی کے مسلسل سرکنے سے شدید مشکلات پیش آئیں؛ 40 فٹ سے زائد کھدائی اور چار کرینوں سمیت بھاری مشینری استعمال کی گئی۔