پولیس ان ایکشن ،4 پتنگ فروش گرفتار

لوہاری گیٹ میںعارف اور اختر ، ناکہ گلویڑہ پر افتخار اور شہزاد پکڑے گئے ،650 پتنگیں بر آمد 
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ فروشی، غیر قانونی پتنگوں کی سپلائی اور اسلحے کی نمائش کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے 650 سے زائد پتنگیں، ممنوعہ ڈور کے 20 پنے، پانچ چرخیاں، دو پستول، گولیاں اور میگزین برآمد کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر پتنگ فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران لوہاری گیٹ پولیس نے چیکنگ کے دوران ملزمان عارف اور اختر کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 350 تیار پتنگیں، ڈور کے 20 پنے اور پانچ چرخیاں برآمد کرلیں۔۔ دوسری جانب مجاہد اسکواڈ نے ناکہ گلویڑہ پر کارروائی کرتے ہوئے قصور سے لاہور پتنگوں کی غیر قانونی سپلائی ناکام بنا دی، نجی گاڑی کی تلاشی کے دوران 300 سے زائد پتنگیں برآمد کرکے ملزمان افتخار اور شہزاد کو گرفتار کرلیا گیا، جنہیں ڈی ایس پی موبائلز آصف ادریس نے اپنی نگرانی میں تھانہ کاہنہ منتقل کردیا۔ ایس پی موبائلز بلال احمد نے کامیاب کارروائی پر ناکہ انچارج اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی اور پتنگوں کی فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا۔