پولیس تشدد کیس :علیمہ ، عظمی کی ضمانت میں یکم جولائی تک توسیع

اعجاز چودھری کی 9 مئی کے چار مقدمات میں ضمانتوں پر فریقین کو نوٹس جاری 
جلائو گھیرائو کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں میں فریقین کو نوٹس ،جواب طلب 
لاہور، اسلام آباد(صوصی رپورٹ)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پانچ اکتوبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پولیس تشدد کے مقدمے میں علیمہ خان اور عظمی ٰخان کی عبوری ضمانت میں یکم جولائی تک توسیع کر دی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی۔ عدالت نے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کرنے ہر اظہارِ برہمی کیا عدالت نے پراسکیوشن کو ضمانت پر دلائل مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے علیمہ اور عظمی کی عبوری ضمانت میں یکم جولائی تک توسیع کر دی۔لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی 9 مئی کے چار مقدمات میں ضمانتوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے9 مئی تھانہ رمنا پر حملہ جلائو گھیرائو کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روزمجرم سہیل خان و دیگر کی 10 سال قید کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہاکہ جن کو سزا ہوئی ہے وہ نامزد نہیں تھے، پر امن ریلی نکالنے کی اجازت ہے۔جسٹس خادم حسین سومرو نے استفسار کیاکہ مجرم کتنے عرصے سے زیرِ حراست ہیں؟، بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہاکہ کلائنٹ ضمانت پر رہا تھے فیصلہ سنا کر عدالت سے گرفتار کر لیا گیا،ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کا لیڈر ہائیکورٹ سے اٹھایا گیا،عدالت نے سزا کے خلاف اپیلوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19 جون تک ملتوی کردی۔انسداددہشتگردی عدالت نمبر1کیجج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے4 اکتوبر ،26 نومبر احتجاج کے مقدمات میں طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تھانہ بنی گالا اور سیکرٹریٹ کے مقدمات کی سماعت 14 جولائی،تھانہ نون کے مقدمہ کی سماعت 2 جولائی اور تھانہ مارگلہ کے مقدمہ کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے8 فروری پرتشدد ریلی اور ریاست مخالف نعرے بازی کیس میں ملزمان عالیہ حمزہ، انتظار پنجوتھہ اور فلک ناز بلوچ کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کر دی، عدالت نے پولیس کی جانب سے ضمانتوں پر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی جناح ہائوس حملہ اور جلائو گھیرائو مقدمات میں فواد چوہدری، اعظم سواتی اور مسرت چیمہ کی عبوری ضمانتوں پر 25 جولائی تک توسیع کردی ،عدالت نے اعظم سواتی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظورکرلی، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا دلائل کے لئے طلب کر لیا۔