اساتذہ کے تبادلوں کا نیا مرحلہ شروع

ای ٹرانسفرکا شیڈول جاری کردیا گیا ، اساتذہ 19 اکتوبر تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے
لاہور(خصوصی رپورٹ)سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے تبادلوں کا نیا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ، محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے ای ٹرانسفر را ئونڈ کا شیڈول جاری کر دیا۔ اساتذہ 19 اکتوبر تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے، تبادلوں کے احکامات 27 اکتوبر کو جاری کیے جائینگے۔ ترقی پانے والے، تعیناتی کے منتظر اور آ ئوٹ سورس سکولوں میں تعینات اساتذہ بھی درخواستیں دینے کے اہل ہونگے۔شیڈول کے مطابق اساتذہ کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں اور دستاویزات کی تصدیق 20 سے 22 اکتوبر تک کی جائیگی۔ اساتذہ کے تحفظات دور کرنے کیلئے 23 سے 26 اکتوبر تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے چیف ایگزیکٹو آفیسرزایجوکیشن کو ترقی پانے والے اساتذہ کی ٹیگنگ کی ذمہ داری بھی سونپ دی ہے تاکہ تبادلوں کے عمل میں متعلقہ اساتذہ کا ریکارڈ درست کیا جا سکے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق اساتذہ مقررہ تاریخوں کے اندر ایس آئی ایس پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔ دستاویزات کی تصدیق اور تحفظات کے ازالے کیلئے مقررہ شیڈول پر عمل کیا جائے گا۔