2 لڑکیوں سمیت 4افراد کی خودکشی

اقبال ٹائوں میں عمران اسلم نے پھندالے لیا،ساہیوال میں لڑکی نے کنویں میں چھلانگ لگادی 
 موڑکھنڈا می عتیقہ نے زہریلی چیز کھا لی، صفدر آباد میں ایک نوجوان چل بسا، ایک کی حالت غیر 
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور سمیت مختلف شہروں میں 2لڑکیوں سمیت 4افراد نے خودکشی کرلی، اقبال ٹاؤن کے علاقے میں 50 سالہ شخص نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور متوفی کی لاش پھندے سے اتار کر پولیس کے حوالے کردی۔متوفی کی شناخت عمران اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی طور پر واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔پولیس کے مطابق واقعے کے حوالے سے اہلِ خانہ کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں، ساہیوال کے علاقے ڈیرہ رحیم کی رہائشی لڑکی اقرا نے باپ سے ناراض ہو کر کنویں میں کود خودکشی کرلی۔ ریسکیو 1122کے عملہ نے کنویں سے نکالا تووہ دم توڑ چکی تھی۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لیکر ہسپتال منتقل کردیا۔ ۔مبینہ طور پر بتایا جاتا ہے کہ رشتہ کے حوالے سے لڑکی باپ سے ناراض تھی اور اسی وجہ سے کنویں میں کو د کر خودکشی کرلی۔دریں اثنا مانگٹانوالہ کے نواحی قصبہ موڑ کھنڈا کے محلہ اسلام پورہ کے رہائشی رستم علی کی بیٹی عتیقہ نے مبینہ طور پر زہریلی چیز کھا لی، جس کے باعث اس کی حالت غیر ہوگئی۔ اسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دم توڑ گئی۔ علاوہ ازیں صفدر آباد میں دو قریبی رشتہ دار نوجوانوں نے ایک ساتھ جینے کے بعد ایک ساتھ مرنے کے لئے گندم والی زہریلی گولیاں نگل لیں ، 20 سالہ عاصم خان زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ شہباز احمد زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا اور ہسپتال میں زیر علاج ہے۔