صبا فیصل بڑی سٹار‘ان کے خیالات کے باعث ٹرول نہیں کرنا چاہیے:یاسر حسین

صبا فیصل کو ان کے متنازع بیانات کے بجائے ان کے فنی کام اور اداکاری کے حوالے سے زیادہ یاد رکھا جانا چاہیے
کراچی (شوبز ڈیسک )اداکار، پروڈیوسر اور میزبان یاسر حسین کا کہنا ہے کہ سینئر اداکارہ صبا فیصل پاکستان کی سب سے بڑی اسٹار ہیں، انہیں ان کے خیالات کے باعث ٹرول نہیں کرنا چاہیے۔ ایک انٹرویو کے دوراناداکار نے شوبز انڈسٹری کے اندرونی معاملات اور اپنے ساتھی فنکاروں کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔یاسر حسین نے کہا کہ صبا فیصل پاکستان کی سب سے بڑی اسٹار ہیں، وہ ایک بہترین اداکارہ ہیں جو غریب اور امیر، دونوں طرح کے کرداروں میں خود کو بخوبی ڈھال لیتی ہیں، وہ ناصرف بے حد خوب صورت ہیں بلکہ ان کی اسکرین پر موجودگی بھی متاثر کن ہے۔ہدایت کار نے کہا ہے کہ صبا فیصل کو ان کے خیالات کی وجہ سے اس قدر تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے، وہ ہمارے پاس موجود بہترین فنکارانہ صلاحیتوں میں سے ایک ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ سینئر فنکاروں کو سوشل میڈیا کے بدلتے ہوئے ماحول سے ہم آہنگ ہونے میں مشکلات پیش آتی ہیں، تاہم صبا فیصل کو ان کے متنازع بیانات کے بجائے ان کے فنی کام اور اداکاری کے حوالے سے زیادہ یاد رکھا جانا چاہیے۔