پاکستان کے دو قرضہ پروگرام نمایاں خطرات سے دوچار ہیں:عالمی بینک

سیاسی و انتظامی مسائل، معاشی غیر یقینی صورتحال اور ادارہ جاتی کمزوریاں ان پروگراموں پر موثر عملدرآمد کی راہ میں اہم رکاوٹیں ہیں:رپورٹ
واشنگٹن(آئی این پی )عالمی بینک نے پاکستان میں ٹیکس اصلاحات اور ڈیجیٹل سروسز سے متعلق تقریبا 67 کروڑ ڈالر مالیت کے دو قرضہ پروگراموں کو درمیانے درجے تک تسلی بخش قرار دیا ہے، تاہم ان کی کامیابی کو لاحق خطرات کی بھی نشاندہی کی ہے۔ عالمی  بینک کے مطابق سیاسی و انتظامی مسائل، معاشی غیر یقینی صورتِ حال اور ادارہ جاتی کمزوریاں ان پروگراموں پر موثر عملدرآمد کی راہ میں اہم رکاوٹیں ہیں۔عالمی بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق دونوں پروگراموں کا مقصد پاکستان میں معاشی استحکام کو فروغ دینا، عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانا اور ٹیکس وصولیوں کا تناسب مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 15 فیصد تک پہنچانا ہے۔رپورٹ میں پاکستان پبلک ریسورسز فار انکلوسیو ڈویلپمنٹ (پی آر آئی ڈی) پروگرام کے تحت 70 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کو درمیانے درجے تک تسلی بخش قرار دیا گیا ہے، تاہم اس کے لیے مجموعی خطرات کی درجہ بندی نمایاں رکھی گئی ہے۔