سمجھتا ہوں پاکستان اور بھارت کا تنازع حل ہوگیا:ڈونلڈ ٹرمپ

  تجارت بڑھانے کی بات پر پاکستان اور بھارت خوش ہیں، افغانستان کی بگرام ایئر بیس کسی کو نہیں دیں گے اپنے پاس رکھیں گے
ایپل کے سی ای او ٹم کک بھارت کے بجائے امریکہ میں سرمایہ کاری کریں ، غزہ کو فریڈم زون بنائیں‘ اس میں امریکہ کو شامل ہونے دیں

دوحہ (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے کہا  ہے  وہ سمجھتے ہیں پاکستان اور بھارت کا تنازع حل ہوگیا، ان کی ترجیح تنازعات کا خاتمہ ہے، انہیں شروع کرنا نہیں، غزہ کو فریڈم زون بنائیں اور اس میں امریکا کو شامل ہونے دیں، ان کے پاس غزہ کیلئے  بہت اچھے منصوبے ہیں ۔دوحہ میں امریکی فوجی اڈے پر تعینات فوجیوں سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سے کہا ہے جنگ کی بجائے تجارت کریں، تجارت بڑھانے کی بات پر پاکستان اور بھارت خوش ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کو اپنی پروڈکٹ بھارت میں بنوانے سے باز رہنے کا کہتے ہوئے کہا کہ ایپل کے سی ای او ٹم کک بھارت کی بجائے اپنی پروڈکٹس امریکا میں بنائیں، امریکا کو بھارت میں پروڈکشن سے کوئی دلچسپی نہیں ،بھارت میں کاروبارمشکل ہے،وہاں ٹیرف کی شرح بہت زیادہ ہے ۔امریکی صدر نے ایک بار پھر غزہ کو تحویل میں لینے کا بھی اشارہ دیا اور کہا کہ غزہ کو فریڈم زون بنائیں اور اس میں امریکا کو شامل ہونے دیں، ان کے پاس غزہ کیلئے  بہت اچھے منصوبے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ افغانستان کی بگرام ایئر بیس کسی کو نہیں دیں گے اپنے پاس رکھیں گے، اپنے شراکت داروں کے دفاع کیلئے طاقت کے استعمال میں نہیں ہچکچائیں گے ۔ٹرمپ نے کہا کہ قطر نے امریکا کے ساتھ42 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی معاہدوں پردستخط کیے، قطرآئندہ برسوں میں العدید ائیربیس پر 10 ارب ڈالر  سرمایہ کاری کریگا۔امریکی صدر نے کہا کہ امریکی فضائیہ کے پاس جلد ایف 47 طیارہ ہوگا، ہم ایف35کے جدید ورژن ایف 55 کے بھی منتظر ہیں2026کے بجٹ میں امریکی سروس ممبران کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ شامل ہے۔