افغانستان کے کرکٹر قیس احمد نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ کے آخری اوورز میں ایسا انداز اپنایا کہ شائقین کو افغان آل راؤنڈر گل بدین نائب کے مشہور میم کی یاد آگئی۔
میچ پانچویں روز انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکا تھا اور کھیل ختم ہونے میں چند منٹ باقی تھے، جبکہ بنگلادیش کو فتح کے لیے صرف دو وکٹیں درکار تھیں۔اس دوران قیس احمد نے مبینہ طور پر وقت ضائع کرنے کے لیے انجری کا انداز اپنایا تاکہ کم سے کم گیندیں کھیلنی پڑیں۔ وہ گیند کا دفاع کرنے کے بعد اچانک اپنی ہیمسٹرنگ پکڑ کر بیٹھ گئے، جس کے بعد ان کا یہ انداز سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔قیس احمد کی اس حرکت پر کمنٹیٹرز بھی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے اور کہا کہ ان کے انداز نے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گل بدین نائب کے پیش آنے والے واقعے کی یاد تازہ کردی۔واضح رہے کہ قیس احمد نے 80 گیندوں پر 49 رنز کی مزاحمت سے بھرپور اننگز کھیلی، جس کی بدولت افغانستان نے یقینی دکھائی دینے والی شکست کو ڈرا میں تبدیل کردیا۔