میرے پاس کوئی جن نہیں ہے‘ آمنہ ملک کی وضاحت

میں نے شو میں محض یہ واقعہ بیان کیا تھا اور بات وہیں ختم ہو گئی تھی:معروف اداکارہ
کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ، ماڈل و میزبان آمنہ ملک نے جنات کو ڈانٹ کر اپنی گمشدہ چیزیں واپس منگوانے سے متعلق اپنے سابقہ بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس کوئی جن نہیں ہے۔حال ہی میں اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے مافوق الفطرت سرگرمیوں سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے شو میں محض یہ واقعہ بیان کیا تھا اور بات وہیں ختم ہو گئی تھی، تاہم بعد میں اس معاملے کو غیر ضروری طور پر اچھالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگ مجھے پیغامات بھیج کر کہتے ہیں کہ اگر میرے پاس جنات ہیں تو میں ان کی شادیاں کروا دوں یا ان کی گم شدہ چیزیں واپس دلوا دوں۔آمنہ ملک نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے مجھ پر شرک کرنے کے الزامات لگائے اور مجھے جادوگرنی تک قرار دیا۔انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدا کے لیے کسی کے بارے میں اتنی جلدی رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔ اداکارہ نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے غیر مصدقہ دعوں پر یقین نہ کریں اور مذکورہ سوشل میڈیا پیج کو رپورٹ کریں۔