لاہور(کرائم رپورٹر)ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی فوری رسپانس اور سیف سٹیز اتھارٹی کی کوآرڈینیشن سے ہراسانی میں ملوث دو اوباش نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سفاری پارک لاہور میں ایک فیملی نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ دو افراد مسلسل تعاقب کر رہے ہیں، خواتین کو ہراساں کر رہے ہیں اور موبائل فون سے غیر اخلاقی ویڈیوز بھی بنا رہے ہیں۔ متاثرہ فیملی نے ملزمان کی نازیبا حرکات اور دھمکیوں پر فوری مدد طلب کی۔شکایت موصول ہوتے ہی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ فیملی سے رابطہ کیا اور انہیں مکمل تحفظ اور قانونی معاونت کی یقین دہانی کروائی۔بعد ازاں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی جانب سے قریبی پولیس ٹیم کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا گیا، جس پر سیف سٹیز مانیٹرنگ اور فیلڈ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان خواتین کی ویڈیوز بنا رہے تھے اور منع کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہے تھے۔ ملزمان کے خلاف ہراسانی اور نازیبا حرکات کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن خواتین کے تحفظ کے لیے 24/7 فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ نظام اب تک 9 لاکھ سے زائد کیسز میں خواتین کو رہنمائی، معاونت اور فوری مدد فراہم کر چکا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ خواتین کسی بھی ہراسانی، تعاقب یا ناخوشگوار صورتحال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 15 یا ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔