اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے قطر کا ایک اور ایک روزہ دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم 15 ستمبر کو دوحہ، قطر روانہ ہوں گے۔یہ وزیر اعظم کا چھ روز میں دوسرا دورہ قطر ہے، جس سے قبل انہوں نے 11 ستمبر کو بھی قطر کا ایک روزہ دورہ کیا تھا۔ 15 ستمبر کے دورے کے دوران وہ او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس او آئی سی اور خلیج تعاون کونسل کے مشترکہ اجلاس کے طور پر عرب اسلامک سمٹ کے بینر تلے منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس قطر پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں طلب کیا گیا ہے اور اجلاس میں مسلم اور عرب ممالک اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور قطر سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
اس اجلاس کے دوران وزیر اعظم کی سائیڈ لائنز ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جہاں وہ عالمی راہنماؤں سے بات چیت کریں گے۔وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ بھی دوحہ جائیں گے۔یہ دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں قطر اور دیگر مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور موجودہ بحران پر ہم آہنگی قائم کرنے کے اہم اقدامات میں شمار ہوتا ہے۔