ایلیٹ فورس کی 33، ڈولفن اور پیرو فورس کی 71 ٹیمیں پٹرولنگ کرتی رہیں
لاہور( کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ ٹیسٹ میچ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھا گیا، جبکہ وہ خود بھی فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے قذافی اسٹیڈیم اور اطراف کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ موقع پر موجود سپروائزی افسران نے انہیں سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔ فیصل کامران نے ڈیوٹی پر مامور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں الرٹ رہ کر فرائض منصبی انجام دینے کی ہدایت کی. ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے چار درجاتی حفاظتی حصار پر مشتمل فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا تھا، جس کے تحت پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی پر مامور رہے، جبکہ 245 لیڈی اہلکار چیکنگ پوائنٹس پر فرائض انجام دیتی رہیں۔ٹیموں کی مومنٹ کے دوران شہریوں کی سہولت کے پیش نظر راستے صرف مختصر وقت کے لیے بند کیے گئے۔ تمام روٹس کی سیف سٹی کیمروں اور سول وردی اہلکاروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جاتی رہی۔سکیورٹی کے حوالے سے ایلیٹ فورس کی 33، ڈولفن اور پیرو فورس کی 71 ٹیمیں پٹرولنگ کرتی رہیں، جبکہ روٹ میں آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز بھی تعینات کیے گئے۔ سٹیڈیم اور ملحقہ آبادیوں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی کیے گئے جن میں دیگر سکیورٹی ادارے شریک رہے. ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال اور ایس پی سکیورٹی عبدالوہاب نے بھی موقع پر موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کی. ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق وجیلنس ٹیمیں سکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عمل در آمد کو یقینی بناتی رہیں۔فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سکیورٹی کے ساتھ عوام کی سہولت کو اولین ترجیح دی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مستقبل کے ایونٹس میں بھی پولیس اور سکیورٹی اداروں سے تعاون جاری رکھیں اور ٹریفک پلان کے مطابق سفر کریں تاکہ کسی دشواری سے بچا جا سکے۔