ٹرمپ امن سمٹ کی صدارت کریں گے،شہبازشریف سمیت 20 عالمی رہنما شریک ہونگے
قاہرہ( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ٹرمپ اور ان کے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی آج پیر کو شرم الشیخ میں غزہ امن سمٹ کی صدارت کریں گے، جس میں اقوام متحدہ کے سربراہ سمیت دنیا کے کئی رہنما شرکت کریں گے۔ مصری صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی شہر شرم الشیخ میں ہونے والے اجلاس میں شہبازشریف سمیت 20 سے زائد ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔اس اجلاس کا مقصد غزہ کی پٹی میں جنگ کا خاتمہ، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی کوششوں کو فروغ دینا، اور علاقائی سلامتی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔اتوار کو مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس تاریخی اجلاس کے دوران غزہ کی پٹی میں جنگ ختم کرنے سے متعلق ایک دستاویز پر دستخط کی توقع ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ سمٹ امن و سلامتی کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے اور غزہ میں فلسطینی عوام کی تکالیف کم کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے شرکت کی تصدیق کی ہے، برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر، اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی اور ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز بھی شریک ہوں گے۔فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں اور ترک صدر صدر رجب طیب ارد گان بھی شریک ہوں گے۔یورپی کونسل کی نمائندگی انتونیو کوسٹا کریں گے۔اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کی شرکت بھی متوقع ہے۔اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ شرم الشیخ میں غزہ کے معاملے پر ہونے والی امن کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا،قبل ازیں حماس نے اعلان کیا تھا کہ وہ شرم الشیخ اجلاس میں امن معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔اسرائیل اور حماس کی عدم شرکت کے فیصلے کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔