سڑک کے تین چوتھائی حصے پر قبضہ ،ٹریفک کی روانی شدید متاثر
لاہور (کرائم رپورٹر) شہر کے معروف علاقے بوہڑ والا چوک میں ناجائز تجاوزات کا مکمل خاتمہ تاحال ممکن نہ ہو سکا۔ علاقے میں سڑک کے تین چوتھائی حصے پر قبضہ جما لیا گیا ہے، جہاں دکاندار اپنی اشیا سڑک پر سجا کر نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی راستے محدود ہو گئے ہیں۔ دونوں اطراف کی سڑکوں کے درمیان موجود گرین بیلٹ کو غیر قانونی طور پر پارکنگ ایریا میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس سے ماحولیاتی خوبصورتی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث ٹریفک مسلسل سست روی کا شکار ہے، خاص طور پر صبح اور شام کے اوقات میں یہاں سے گزرنا ایک کٹھن مرحلہ بن چکا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں چند سیکنڈ کا فاصلہ طے کرنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے متعدد بار کارروائی کے دعوے کیے گئے، لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ضلعی حکومت اور ٹریفک پولیس فوری اور مؤثر کارروائی کرے۔