وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے ملاقات کی، جس میں رواں برس مون سون بارشوں سے نمٹنے کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کو ملک کے پہاڑی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) اور اچانک سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی وارننگ سسٹم کی تنصیب اور اس کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ خطرات کی بروقت نشاندہی کے لیے جدید نظام پر کام جاری ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں اور حساس و خطرے سے دوچار علاقوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ قدرتی آفات کے دوران جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ آفات سے نمٹنے کے لیے اداروں کی تیاری اور رابطہ کاری کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔