، جمعے کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے: وزیر اعظم
شہدا پیکیج کا اعلان، ورثا کو 1کروڑ سے 1.8کروڑ روپے دئیے جائیں گے
اسلام آباد(بیورو رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لئے شہدا پیکیج اورآپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کیا ہے۔وزیرِ اعظم نے 16 مئی کو جمعہ کے روز پاکستان کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین اور آ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ یوم معرکہ حق ہر سال پورے ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا، جمعہ کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں کریں گے۔ وزیراعظم نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لئے شہدا پیکیج کا اعلان کیا ،معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو رینک کے حساب ایک کروڑ روپے سے 1.8 کروڑ روپے رقم دی جائے گی۔پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کے لئے رینک کے حساب سے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔پاک افواج کے شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الائونسز جاری رہیں گی۔پاک افواج کے شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی، پاک افواج کے ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لئے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی ،پاک افواج کے زخمی ہونے والوں کو 20 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی،شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم یہ فرض پورا کریں گے،زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔ محاذ پرخدمات انجام دینے کا اعتراف قومی سطح پر کیاجائے گا اورجوانوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔