بھارت کے ضلع روہتاس میں ایک امیدوار راکیش کمار کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چپڑاسی کے امتحان کے دوران حیران کن مسئلے کا سامنا کرنا پڑا، جب اس کے ایڈمٹ کارڈ پر اس کی تصویر کی جگہ کتے کی تصویر چھپی ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، راکیش کمار کے ایڈمٹ کارڈ پر نام، رول نمبر اور دیگر تمام تفصیلات درست تھیں، لیکن تصویر کی غلطی نے اسے امتحان میں شرکت کے لیے مشکلات میں ڈال دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسامیوں کا اعلان 2022 میں کیا گیا تھا اور اب ابتدائی امتحان ہو رہا ہے۔راکیش نے کہا کہ وہ درخواست دینے کے وقت اپنی تصویر بالکل درست اپ لوڈ کر چکا تھا اور اس کے پاس اس کا ثبوت موجود ہے۔ اس کے باوجود بورڈ کی جانب سے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے وہ بار بار بھرتی بورڈ کے چکر لگا رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ مسئلہ جلد حل کیا جائے تاکہ وہ سکون سے امتحان دے سکیں اور اس غلطی کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اس واقعے نے آن لائن بھرتی سسٹم اور حکومت کے بھرتی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں، اور عوامی سطح پر بھی اس کی شدید تنقید کی جا رہی ہے۔