ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سٹیورٹ میک گل کو منشیات کے کیس میں قصوروار قرار دے دیا گیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق میک گل پر الزام تھا کہ انہوں نے کوکین کی لین دین میں سہولت فراہم کی۔ انہوں نے اپنے بہنوئی اور ایک سٹریٹ ڈرگ ڈیلر کے ساتھ اس کارروائی میں معاونت کی تھی۔نیو ساؤتھ ویلز ڈسٹرکٹ کورٹ نے آٹھ روز تک جاری رہنے والے ٹرائل کے بعد فیصلہ سنایا۔ سٹیورٹ میک گل نے اپنے دفاع میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے صرف دو افراد کو متعارف کرایا تھا، اور وہ خود اس معاملے میں زیادہ ملوث نہیں تھے۔ تاہم، عدالت نے ان کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انہیں قصوروار قرار دیا۔سٹیورٹ میک گل کو بڑے پیمانے پر ممنوعہ ڈرگ کے کاروبار میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کر دیا گیا، تاہم انہیں منشیات کے لین دین میں سہولت فراہم کرنے کا قصوروار قرار دیا گیا۔ یہ کیس 2021 سے جاری تھا، اور اس کے دوران سٹیورٹ میک گل نے تسلیم کیا تھا کہ وہ باقاعدگی سے آدھا گرام کوکین 200 ڈالرز میں خریدتے تھے۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سٹیورٹ میک گل کو اس سال کے آخر میں سزا سنائے جانے کا عمل شروع ہوگا۔ میک گل کی جانب سے ابھی تک کسی سزا کے حوالے سے کوئی بیان نہیں آیا، تاہم انہیں اس کیس میں قصوروار قرار دئے جانے کے بعد ان کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔