پی اے سی اجلاس اے ڈی پی سے ملنے والی30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کے غلط استعمال کا انکشاف

این ڈی ایم اے نے گرانٹ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین پر خرچ کر دی،پبلک اکائونٹس کمیٹی کااظہار برہمی،ایک ماہ میں رپورٹ مانگ لی
پاکستان میں ارلی وارننگ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیاہے،سیلاب 2022سے30ارب ڈالرکانقصان ہوا، چیئرمین این ڈی ایم اے کی بریفنگ
    اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان میں ارلی وارننگ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی میں چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر ملک نے بتایا پاکستان 277سیٹلائٹس کے ساتھ لنک ہے اور ہم قدرتی آفات کے بارے میں 6سے 10ماہ پہلے پیش گوئی کر سکتے ہیں۔ اس سے مستقبل قدرتی آفات کے نقصانات میں 45فیصد تک کمی آئے گی۔جنید اکبر کی زیر صدارت پی اے سی اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے آڈٹ پیراز 2022\23 کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر ملک نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا 2022کے سیلاب سے پاکستان کو 30ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ عالمی برادری نے بہت کم مالی مدد دینے کا وعدہ کیا اور عملی طور پر کم مدد کی۔ عمر ایوب نے پوچھا این ڈی ایم اے نے تیس ارب روپے کی گرانٹ کہاں خرچ کی۔ این ڈی ایم اے حکام بولے یہ رقم ریلیف، تعمیر نو اور سامان کا سٹاک برقرار رکھنے کیلئے خرچ کی گئی۔ ان میں ادویات، خیمے اور مشینری وغیرہ شامل ہیں۔ ایک تھنک ٹینک نیشنل ایمرجنسی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملنے والی تیس لاکھ ڈالر کی گرانٹ کے غلط استعمال کا انکشاف بھی ہوا۔ این ڈی ایم اے نے مالی گرانٹ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین پر خرچ کر دی۔ پی اے سی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ مانگ لی۔پی اے سی نے  این ڈی ایم اے کی جانب سے این ایل سی کو خلاف قواعد ایک ارب نواسی کروڑ روپے کا ٹھیکا دینے کا بھی نوٹس لیا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ یہ کنٹریکٹ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلڈنگ کی تعمیر کیلئے دیا گیا۔ یہ کنٹریکٹ بغیر کسی مسابقتی بولی کے ڈائریکٹ ایوارڈ کیا گیا۔ پی اے سی نے وضاحت مانگ لی۔ اجلاس میں وزارت مواصلات کے آڈٹ اعتراضات کا بھی جائزہ لیا گیا۔