اسرائیلی حملوں پر ردعمل، ایرانی پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس آج طلب

اسرائیلی حملوں پر ردعمل، ایرانی پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس آج طلب

تہران:ایرانی سینئر قانون ساز اور قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے اعلان کیا ہے کہ آج (جمعہ) ایران کی پارلیمانی کمیٹی اسرائیلی فضائی حملوں کے تناظر میں ہنگامی اجلاس منعقد کرے گی۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، یہ اجلاس ایران پر اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حالیہ فضائی حملوں اور ان کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں قومی دفاع، سلامتی اور خارجہ پالیسی سے متعلق فوری اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ابراہیم رضائی نے سخت لہجے میں کہا ہے کہ:"صیہونی حکومت کو اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج سے سبق آموز، افسوسناک اور تباہ کن ردعمل کی توقع رکھنی چاہیے۔"انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی عوام اور حکومت اپنے معصوم شہریوں کے خون کا فوری اور فیصلہ کن بدلہ لینے کے لیے متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ:

"ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ایران اپنے شہداء کا حساب لے گا۔"دوسری جانب ایران کی اعلیٰ قیادت کی سطح پر بھی مسلسل مشاورت جاری ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند روز میں جوابی اقدامات سے متعلق بڑے اعلانات کیے جائیں گے۔یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی انتہائی حد تک بڑھ چکی ہے، اور عالمی برادری ایران اور اسرائیل دونوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کر رہی ہے۔