بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپنے حالیہ ون ڈے میچ میں 300 سے زائد رنز بنائے۔
راج کوٹ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت نے آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ کے نقصان پر 370 رنز بنائے۔یہ بھارت کی جانب سے ایک اور تاریخی کامیابی تھی کیونکہ اس سے قبل 2017 میں بھارت نے آئرلینڈ کے خلاف دو وکٹ کے نقصان پر 358 رنز بنائے تھے، جبکہ گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی انہوں نے 5 وکٹ کے نقصان پر 358 رنز بنائے تھے۔اتوار کو ہونے والے میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم 370 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور 7 وکٹ کے نقصان پر صرف 254 رنز ہی بنا پائی۔
ویمن کرکٹ کے تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کے پاس ہے، جنہوں نے 2018 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن کے میدان میں 4 وکٹ کے نقصان پر 491 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے اس سے قبل چار مرتبہ 400 سے زائد رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے، جس میں 29 جنوری 1997 میں پاکستان کے خلاف کرائسٹ چرچ میں 5 وکٹ کے نقصان پر 455 رنز شامل ہیں۔بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی اس نئی کامیابی نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو حیران کن طور پر متاثر کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی بھارت کی ویمن کرکٹ کی سطح میں مزید بہتری کی امید پیدا کی ہے۔