یوٹیوبر نے اپنا لاکھوں روپے کا اسٹوڈیو جلا دیا

یوٹیوبر نے اپنا لاکھوں روپے کا اسٹوڈیو جلا دیا

بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں 27 سالہ یوٹیوبر ودھایک پراجاپتی نے شدید ذہنی دباؤ کے باعث اپنے گھر کے اسٹوڈیو کو آگ لگا دی۔

 واقعہ ہفتہ کی شب پیش آیا، تاہم پولیس اور پڑوسیوں کی بروقت کارروائی سے ان کے اہلِ خانہ محفوظ نکال لیے گئے۔آگ نے چند لمحوں میں پورے اسٹوڈیو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دس لاکھ روپے سے زائد مالیت کے قیمتی آلات جل کر راکھ ہو گئے۔ ودھایک پراجاپتی فلم ایڈیٹنگ اور ڈیجیٹل میڈیا پروڈکشن کا کام کرتے تھے اور یوٹیوب پر شناخت بنانے کی کوشش میں تھے، لیکن کئی ماہ کی محنت کے باوجود خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر پائے، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہو گئے۔گاؤں کے سابق سربراہ پراکاش کمار ارُن کے مطابق پراجاپتی گزشتہ چند دنوں سے گوشہ‌نشین تھے۔ ہفتہ کی رات تقریباً دس بجے انہوں نے اسٹوڈیو میں خود کو بند کر کے آگ لگا دی۔

دھواں تیزی سے پورے مکان میں پھیل گیا، اور لوہے کے بند دروازے کے باعث اہلِ خانہ اندر پھنس گئے۔ پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس اہلکاروں نے دیوار توڑ کر گھر میں داخل ہو کر خاندان کو محفوظ باہر نکالا۔اسٹوڈیو میں موجود کمپیوٹرز، کیمرے، ساؤنڈ سسٹمز اور لائٹنگ کے قیمتی آلات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ پراجاپتی آگ لگانے کے بعد پیچھے کی دیوار سے چھلانگ لگا کر فرار ہو گئے تھے۔اتوار کی صبح انہیں رشتہ داروں نے تلاش کر کے رانچی کے ایک اسپتال میں نفسیاتی علاج کے لیے داخل کروایا۔ خاندان کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور انہوں نے مقامی انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی ہے۔