لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے پانی کے بے جا استعمال کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں، جس کے تحت گھروں میں گاڑی دھونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
10 ہزار روپے جرمانہ
محکمہ تحفظ ماحولیات کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جو شہری اپنے گھروں میں گاڑی دھوتے ہوئے پائے گئے، ان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
غیر قانونی سروس اسٹیشنز کی بندش
تمام غیر قانونی سروس اسٹیشنز کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ جو سروس اسٹیشن پانی کو ری سائیکل کرنے کے نظام کے بغیر کام کر رہے ہیں، ان پر 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
28 فروری تک ری سائیکلنگ سسٹم کی تنصیب لازمی
حکام نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب بھر میں تمام سروس اسٹیشنز کو 28 فروری تک پانی ری سائیکلنگ سسٹم نصب کرنا ہوگا، بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
تیل سے گاڑی دھونے پر بھی پابندی
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ گاڑیوں کی صفائی کے لیے کسی بھی قسم کے تیل کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہوگی، تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔
تعمیراتی مقامات پر زمینی پانی کے استعمال پر پابندی
ماحولیاتی تحفظ کے پیش نظر تعمیراتی منصوبوں میں زمینی پانی کے استعمال پر بھی فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پنجاب انوائرمینٹل ایکٹ کے تحت فوری اطلاق
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تمام پابندیاں پنجاب انوائرمینٹل ایکٹ کے تحت نافذ کی گئی ہیں، اور ان کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔یہ اقدامات پانی کے ضیاع کو روکنے اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، اور حکام نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔