عصرِ حاضر میں مصنوعی ذہانت کو اکائونٹنگ اور فنانس کے ہر پہلو میں ضم کرنا ہوگا ،کامران ٹیسوری
کراچی (آئی این پی )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مضبوط اور شفاف مالیاتی نظام ملک کی ترقی کی ضمانت ہوتا ہے۔گورنر سندھ نے ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکائونٹس کی تقریب حلف برداری میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اے سی سی اے کی پہلی خاتون نو منتخب صدر عائلہ ماجد نے گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب معاشی ترقی کے لئے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، یہ کامیابی آپ کی جدوجہد کا نتیجہ ہے اور آپ کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ اے سی سی اے دنیا بھر میں پیشہ ورانہ اکائونٹنگ اور فنانس کے شعبہ میں مہارت کا ضامن ہے، یہ باعثِ فخر ہے کہ ہمارے نوجوان عالمی سطح پر اس پیشے میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید معیشت میں اکائونٹنگ اور فنانس کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، ایک مضبوط اور شفاف مالیاتی نظام ہی کسی بھی ملک کی ترقی کی ضمانت ہوتا ہے، ہمارا ملک ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جہاں نوجوانوں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عصرِ حاضر میں مصنوعی ذ ہانت کو اکائونٹنگ اور فنانس کے ہر پہلو میں ضم کرنا ہوگا۔