محکمہ پی اینڈ ڈی نے مزید 200 ارب کی ضمنی گرانٹ مانگ لی،صوبائی کابینہ نے منصوبوں کی بر وقت تکمیل کیلئے منظوری دیدی
لاہور(دانش منیر)وزیر اعلی مریم نواز کا ترقی کرتے پنجاب کے،ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار کے سامنے ترقیاتی بجٹ کم پڑ گیا،محکمہ پی اینڈ ڈی نے منصوبوں کے لئے مزید 200 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ مانگی تو صوبائی کابینہ نے منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے لئے 200 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے موقف اپنایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی وجہ سے نئے فنڈز کی ضرورت پڑ گئی، ذرائع کے مطابق پی اینڈ ڈی نے سمری میں موقف اپنایا کہ بجٹ میں مختص رقوم جاری ترقیاتی منصوبوں پر لگ رہی ہیں،عام طور پر ترقیاتی منصوبوں کے لئے بجٹ میں مختص رقم سال بھر میں خرچ نہیں ہو پاتی،رواں مالی سال کے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 842 ارب روپے مختص کئے گئے تھے،200 ارب کے نئے فنڈز ضمنی گرانٹ کے طور پر منظور کئے جائیں ، سمری میں پی اینڈ ڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ 62 ارب کے 73 غیر فعال ترقیاتی منصوبے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے بند کئے جائیں گے