مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کلکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران پیدا ہونے والی بدانتظامی پر عالمی اسٹار اور ان کے مداحوں سے دلی معذرت کر لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ممتا بنرجی نے واقعے کو انتظامی ناکامی قرار دیتے ہوئے اس کی وجوہات جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ کمیٹی کی سربراہی سابق جج جسٹس (ریٹائرڈ) آشِم کمار رائے کریں گے، جبکہ چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم اینڈ ہل افیئرز) اس کے رکن ہوں گے۔ کمیٹی واقعے کی ذمہ داری کا تعین کرے گی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔ممتا بنرجی نے سماجی رابطے پر جاری بیان میں کہا:“سالٹ لیک اسٹیڈیم میں آج ہونے والی بدانتظامی نے مجھے شدید پریشان اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ میں لیونل میسی سمیت تمام شائقین اور ان کے مداحوں سے اس افسوسناک واقعے پر دلی معذرت کرتی ہوں۔ میں خود بھی تقریب میں شرکت کے لیے اسٹیڈیم جا رہی تھیں۔”
میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی تقریب میں تقریباً 20 منٹ تک موجود رہے۔ اس دوران وہ اسٹیڈیم کا مکمل چکر لگانا چاہتے تھے، لیکن سیکیورٹی اہلکاروں، خصوصی مہمانوں اور وزرا نے انہیں گھیرے میں رکھا، جس کے سبب شائقین اسٹار فٹ بالر کی جھلک دیکھنے سے محروم رہے۔ بدنظمی کے باعث میسی گراونڈ کا چکر نہ لگا سکے اور صورتحال کشیدہ ہونے پر منتظمین نے فوری طور پر انہیں وہاں سے نکال لیا۔