کراچی: 12 مئی 2007 کے سانحہ کے مقدمات میں سابق میئر کراچی وسیم اختر کو امریکا جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سماعت کے دوران وسیم اختر کی وکیل نے درخواست دائر کی کہ وسیم اختر کی بیٹی کی گریجویشن کی تقریب امریکا میں ہو رہی ہے اور وہ اس میں شرکت کرنا چاہتے ہیں، اس لیے انہیں امریکا جانے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے وکیل کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے وسیم اختر کو امریکا جانے کی اجازت دے دی۔ تاہم، عدالت نے تفتیشی حکام کی جانب سے گواہوں کو پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کیا جائے اور ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے ہیں۔12 مئی 2007 کو کراچی میں ہونے والے دہشت گردی، ہنگامہ آرائی، اور قتل و غارت گری کے مقدمات میں ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر سمیت 22 ملزمان ضمانت پر رہا ہیں۔ یہ مقدمات تھانہ ایئرپورٹ میں درج کیے گئے تھے اور عدالت نے آئندہ سماعت 4 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔