فلوٹ گاڑیاں چلانے کی تیاری

 فلوٹس کوقومی پرچم، تاریخی تصاویر اور آرٹ ورک سے مزین کردیاگیا، مینار پاکستان وشنیوں میں نہا چکا
لاہور (خصوصی رپورٹ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے تحت لاہور کو جشن آزادی کے رنگوں میں ڈھالنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس سال پی ایچ اے نے ایک نئے اور دل کو چھو لینے والے آئیڈیا کے ساتھ معرکہ حق اور آزادی کی جدو جہد کو عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر خصوصی فلوٹ گاڑیاں چلائی جائیں گی، جو تحریک آزادی، قومی ہیروز اور شہدا کی قربانیوں کو اجاگر کریں گی۔ ان فلوٹس پر آپریشن بنیان المرصوص کی تصاویر آویزاں ہوں گی، جو پاک فوج سے اظہار یکجہتی کا روشن پیغام ہیں۔جشن آزادی کی مناسبت سے ان فلوٹس کو قومی پرچم، تاریخی تصاویر اور آرٹ ورک سے مزین کیا گیا ہے تاکہ ہر شہری کو آزادی کی اہمیت اور اس کی قیمت کا احساس ہو۔ پی ایچ اے کے مطابق یہ فلوٹس عوام کو نہ صرف خوشی کا پیغام دیں گے بلکہ قوم کو اپنے ماضی پر فخر کرنے اور مستقبل کے لیے عزم باندھنے کی ترغیب بھی دیں گے۔لاہور کا دل مینار پاکستان سبز اور سفید روشنیوں میں نہا چکا ہے۔ رنگوں کا یہ امتزاج رات کے اندھیرے میں ایک دلکش منظر پیش کرتا ہے۔ جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب یہاں شاندار فائر ورکس کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔