سیلاب متاثرہ علاقوں میں نجی کشتیوں کو ریگولیٹ کرنیکا فیصلہ

 اے سی جلالپور فارغ، بند توڑنے میں سیاسی فیصلہ نہیں ہوتا عظمیٰ بخاری
لاہور (خصوصی رپورٹ)نجی کشتیوں کو ریگولیٹ کرنیکا فیصلہ،پنجاب حکومت نے سیلاب سے بری طرح متاثر ہونیوالی ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا کے اسسٹنٹ کمشنر کو عہدے سے ہٹا دیا۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کل ایک نجی کشتی چلانے کا واقعہ سامنے آیا، نجی کشتی سیلاب زدگان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے پیسے مانگ رہی تھی، اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والا کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ مکرم خان کو اے سی جلالپور پیر والا مقرر کیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نجی کشتیوں کو ریگولیٹ کیا جائے گا، نجی کشتیوں کی ادائیگی حکومت کرے گی، اب تمام نجی کشتیاں حکومت کی نگرانی میں چلیں گی۔کہا جاتا ہے کوئی آیا ہی نہیں، ہماری کوئی مدد نہیں کی گئی، 22 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، ملتان میں 139 کشتیاں عوام کو ریسکیو کرنے میں مصروف ہیں، پنجاب سخت ترین آفت سے لڑ رہاہے، اس طرح کے سوئپنگ بیانات دینا کہ کوئی مدد نہیں آیا ، یہ نامناسب ہے۔جلالپور پیر والا میں صورتحال سنگین ہے،لیکن بہتر انتظامات کے ذریعے جلالپور شہر کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ہیڈ محمد والا شیر شاہ میں صورتحال کنٹرول میں ہے،جلالپورپیر والا میں جہاں غفلت اور کوتاہی نظر آئی اس کو درست کرنے کی کوشش کی گئی، جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے وزیراعلی ٰخود ملیں۔انہوں نے کہا کہ بند توڑنے کے عمل میں کوئی سیاسی فیصلہ نہیں ہوتا بلکہ یہ ٹیکنیکل کمیٹی دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خانیوال میں گندم کو بر وقت محفوظ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے گندم خراب ہوئی۔ اس وقت پنجاب میں گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ وزیر اعلٰی مریم نواز کی گندم کے ایک ایک دانے پر نظر مرکوز ہے۔