16 جنوری تک پنجاب میں شدید سردی کا الرٹ جاری

 لاہور میں درجہ حرارت پھر 3 ڈگری ،ہنزہ میں پارہ منفی 20 ڈگری ریکارڈ
 مری، گلیات میں برفباری متوقع، حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے پھر بند 
اسلام آباد ،لاہور (بیورو ر پورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے بیشتر علاقوں میں بدستور دھند اور بادلوں کا راج ،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ،لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ،اسلام آباد صفر، پشاور 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں منفی 1، سکردو منفی14، لہہ منفی 13، استور منفی 11، گوپس منفی 9، گلگت منفی 8، زیارت ،قلات منفی 7، کالام ، دیر ، راولاکوٹ اورپاراچنار میں منفی 4 اور ہنزہ میں منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری طرف پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں 16جنوری تک سردی کی شدت سے متعلق الرٹ جاری کر تے کہا ہے کہ آئندہ دو سے تین دن تک بارش کا امکان نہیں ، موسم خشک اور سرد رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا، چند مقامات پر کہرا پڑا ، میدانی اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہی۔ دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے ایم 2 کو لاہور تا کوٹ مومن تک ، ایم 3 کوفیض پور سے درخانہ ، ایم 4کو پنڈی بھٹیاں سے ملتان ،ایم 5 کوملتان سے روہڑی اور ایم 11 کو لاہور سے سمبڑیال تک ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا۔دوسری طرف لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، احمد پور شرقیہ میں قومی شاہراہوں پر دھند چھائی رہی۔ دریں اثناء￿  وفاقی دارالحکومت سمیت جڑواں شہروں میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ لاہور میں سردی کی شدت برقرار ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ، شہر کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولات زندگی متاثر رہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 91 فیصد اور ہواؤں کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ شہر کے فضائی معیار میں بہتری ریکارڈ کی گئی، ایئر کوالٹی انڈیکس 160 ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 13 ویں نمبر پر آ گیا ۔ادھر بالائی علاقوں میں آج بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گلگت بلتستان، کشمیر،مری، گلیات، پوٹھوہار میں ہلکی بارش وبرفباری ہو سکتی ہے تاہم پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند،خطہ ٓپوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔