مقبول بٹ کی برسی، مشعال کا جذباتی ویڈیو پیغام، ‘‘نظریے کو دفن نہیں کیا جا سکتا

اسلام آباد(آن لائن) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے شہیدِ کشمیر مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن محض ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک للکار ہے، جب ایک جسم کو تختہ  دار پر لٹکایا گیا مگر ایک نظریے کو ہمیشہ کے لیے امر کر دیا گیا۔اپنے بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ مقبول بٹ وہ نام ہیں جنہیں مٹانے کی ہر کوشش خود مٹ گئی، مگر ان کا پیغام آج بھی کشمیریوں کے لہو میں دوڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ نے سکھایا کہ آزادی مانگی نہیں جاتی بلکہ چھینی جاتی ہے، اور سر جھکانے سے بہتر ہے سر کٹا دینا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا حق کی صدا کو پھانسی کے پھندے سے دبایا جا سکتا ہے؟ کیا زنجیریں کسی قوم کے خوابوں کو قید کر سکتی ہیں؟ ان کے بقول مقبول بٹ کی شہادت نے ثابت کیا کہ وقتی طور پر ظلم کا شور بلند ہو سکتا ہے، مگر انجام ہمیشہ حق کی فتح ہوتا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ مقبول بٹ کو تختہ  دار ملا مگر کشمیر کو حوصلہ ملا، ظلم نے جسم کو مٹایا مگر نظریہ آج بھی زندہ و تابندہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سر کٹ سکتا ہے مگر آزادی کا خواب نہیں مر سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبول بٹ کی شہادت نے کشمیریوں کے عزم کو مزید مضبوط کیا اور آج بھی ہر کشمیری کے دل میں وہ زندہ ہیں۔ ان کے مطابق حق کی آواز کو نہ گولی روک سکتی ہے نہ پھانسی، اور شہادتیں تاریخ کا رخ بدل دیتی ہیں۔مشعال ملک نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ کشمیر کی آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا اور کشمیری عوام اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔