اسلام آباد: وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے قومی بیانیے کی تشکیل کے لیے "قومی پیغام امن کمیٹی" کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق یہ قومی کمیٹی برائے تشکیل بیانیہ کی ذیلی کمیٹی ہوگی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی پیغام امن کمیٹی کو یہ ذمے داری دی گئی ہے کہ وہ انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ واریت اور نفرت انگیز تقاریر کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر متفقہ بیانیہ تیار کرے، کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کریں گے۔کمیٹی میں مختلف مکاتب فکر کے جید علما، مشائخ، اقلیتوں کے نمائندگان اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام شامل کیے گئے ہیں، اراکین میں سینیٹر حافظ عبدالکریم، مفتی عبدالرحیم، علامہ عارف حسین واحدی، پیر نقیب الرحمان، علامہ محمد حسین اکبر اور ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی شامل ہیں۔مولانا طاہر محمود کو کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ مولانا طیب پنج پیری اور علامہ ضیا اللہ شاہ بخاری بھی اراکین میں شامل ہیں۔