کبھی نہیں چاہتا تھا یہ معاملہ سوشل میڈیا پر سامنے آئے،بیٹے سے ملاقات کیلئے ہر راستہ اختیار کرونگا
کراچی (شوبز ڈیسک) معروف یوٹیوبر جنید اکرم المعروف گنجی سوئیگ نے اپنی اہلیہ سے تنازع پر خاموشی توڑ دی۔جنید اکرم کی شادی کو کئی برس گزر چکے ہیں، تاہم بظاہر ان کے گھر کے حالات کچھ عرصے سے معمول کے مطابق نہیں ہیں، جن کے حوالے سے انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی ہے۔مذکورہ اسٹوری میں جنید اکرم نے بتایا ہے کہ اہلیہ نے 6 سالہ بیٹے سے ملنے سے روک رکھا ہے جس کے باعث کچھ عرصے سے اپنے بیٹے سے ملاقات نہیں کر سکا۔انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا ہے کہ میری شادی کو 10 سال ہو چکے ہیں، میری اہلیہ مجھے ہمارے 6 سالہ بیٹے سے ملنے کی اجازت نہیں دے رہیں۔جنید اکرم کا کہنا ہے کہ میں کبھی نہیں چاہتا تھا کہ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر سامنے آئے اور نہ ہی میں اپنے بیٹے کو بڑوں کے باہمی معاملات میں شامل کرنا چاہتا ہوں، تاہم اپنے بیٹے سے ملاقات کے لیے میں ہر ممکن راستہ اختیار کروں گا۔