5 کروڑ فراڈ کاکیس، ملزم کا ساتھی گرفتار

 انویسٹی گیشن پولیس نے تین کروڑ روپے بھی بر آمد کر لیے، مدعی کے سپرد
لاہور (کرائم رپورٹر) رنگ محل کے علاقے میں کاروباری شہری فہد علی سے مبینہ طور پر 5 کروڑ روپے ہتھیانے کے مقدمے کا معمہ انویسٹی گیشن پولیس نے حل کر لیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کے ساتھی کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے قبضے سے 3 کروڑ روپے بھی بر آمد کر لیے گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق اس واردات کا نوٹس ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لیا تھا، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ رنگ محل اعتزاز المحسن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کے مطابق دونوں ملزمان نجی بینکوں میں بطور منیجر فرائض انجام دے رہے تھے اور انہوں نے دھوکہ دہی کے ذریعے شہری فہد علی سے 5 کروڑ روپے حاصل کیے۔ واردات کے بعد مرکزی ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ رقم لے کر فرار ہو گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم سے 3 کروڑ روپے بر آمد کر لیے گئے ہیں، جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے بر آمد شدہ رقم مدعی مقدمہ کے حوالے کر دی۔