لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست گورننس وژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عوامی تحفظ میں کردار ادا کرنے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے "ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ" مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت بچوں کی گمشدگی، ہراسانی، مشکوک سرگرمیوں، لاوارث اشیا، جرائم یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کی بروقت اطلاع دینے والے شہریوں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پہلا "ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ" لاہور کے ایک شہری کو دیا، جس نے پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے ایک لاوارث بچے کی بروقت اطلاع دی۔ شہری کی ذمہ دارانہ کارروائی کے باعث متعلقہ اداروں نے بچے کو بحفاظت اس کے اہل خانہ سے ملا دیاترجمان پنجاب سیف سٹیز کے مطابق شہری عوامی تحفظ سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع 15 پر کال کرکے یا پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے فراہم کر سکتے ہیں اور "ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ" مہم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ لاوارث بچوں کی نشاندہی، ضرورت مند افراد کی مدد اور عوامی تحفظ میں تعاون کرنے والے شہری معاشرے کے حقیقی معاون ہیں، اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ایسے ذمہ دار شہریوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گی۔