نادراشناختی کارڈ پر موجودہ پتہ تبدیل کرانے کے لئے ہدایات جاری

  والدین، شریکِ حیات یارہائشی پتے پر بجلی، گیس یا پانی بل قابل قبول قرار
 ڈومیسائل، جائیداد کے کاغذات، الاٹمنٹ لیٹر یا کرایہ نامہ جمع کروایا جا سکتا ہے
اسلام آباد(آئی این پی )نادرا نے شناختی کارڈ پر موجودہ پتہ تبدیل کرانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے ہدایات جاری کر  تے ہوئے کہا ہے کہ  اب پتہ جات  کی تبدیلی کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے تاکہ شہری اپنے رہائشی ریکارڈ کو درست اور اپ ٹو ڈیٹ رکھ سکیں۔جاری بیان کے مطابق ترجمان نادرا کا کہا ہے کہ  پتہ کی تبدیلی کیلئے شہریوں کو لازما  رہائش ثابت کرنے والا کوئی ایک مستند دستاویزی ثبوت پیش کرنا ہوگا،اس سلسلے میں والدین، شریکِ حیات یا اپنی ملکیت میں موجود رہائشی پتے پر بجلی، گیس یا پانی کا بل قابل قبول قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، جائیداد کے کاغذات، ہائوسنگ سوسائٹی کا  الاٹمنٹ لیٹر یا تصدیق شدہ کرایہ نامہ بھی بطور ثبوت جمع کروایا جا سکتا ہے۔شہری مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ ملک بھر میں قائم قریبی نادرا مرکز سے رجوع کر سکتے ہیں۔