ویب ڈیسک: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے راولپنڈی میں نیوز بریفنگ کے دوران انکشاف کیا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے 6 مختلف مقامات پر 26 پاکستانی شہریوں کو شہید اور 46 کو زخمی کیا۔
ان حملوں میں عام شہری، خواتین اور بچے نشانہ بنے، جسے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی غیر انسانی اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ نقصان بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں ہوا، جہاں 13 شہری شہید ہوئے، جن میں تین کم سن بچیاں بھی شامل تھیں۔ مظفرآباد کے قریب مسجد بلال پر حملے میں تین شہری شہید جبکہ ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہوا۔ مریدکے میں تین افراد شہید اور ایک زخمی ہوا، جبکہ سیالکوٹ اور شکرگڑھ میں فی الحال کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کوٹلی میں دو معصوم بچے بھارتی حملے میں شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا مودی حکومت کی تنگ نظری، مذہبی انتہا پسندی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے اور ایک "کام بیک ڈرون" مار گرایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں اور افواجِ پاکستان دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ان جارحانہ اقدامات کا نوٹس لے، جو نہ صرف خطے کے امن بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ ہیں۔