پیپلز پارٹی کی موجودگی میں کراچی ترقی نہیں کرسکتا:حافظ نعیم

پیٹرول کی قیمتیں مزید کم کی جائیں، بجلی پر ٹیکس لگانے کا کہا جارہا ہے،  ہم احتجاج کریں گے
ایرانیوں کو سلام ہے  امریکی اور اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، پاکستان کو  کردار ادا کرنا چاہئے
کراچی(آئی این پی )امیر  جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے  امریکیوں کو سوچنا چاہئے  ایک پاگل کیسے ان کا صدر ہے،ایران کو سلام ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، پاکستان کو اس سلسلے میں کردار ادا کرنا چاہئے، خطے کی موجودہ صورتحال میں کراچی میں بڑی سرمایہ کاری آنے کا امکان ہے لیکن پیپلز پارٹی کی موجودگی میں کراچی میں کبھی ڈویلپمنٹ نہیں ہوسکتی، وقت آگیا ہے پیپلز پارٹی سے جان چھڑائی جائے،پیٹرول کی قیمتیں مزید کم کی جائیں، بجلی پر ٹیکس لگانے کا کہا جارہا ہے، اس پر ہم احتجاج کریں گے ۔ان خیالات کااظہارانہوںنے  کراچی میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ احمقانہ بیان دے رہا ہے، امریکی ایوان نمائندگان بھی کہہ رہے ہیں کہ ٹرمپ کو صدر نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اب گالیاں دے رہا ہے اور پوری دنیا تماشہ دیکھ رہی ہے، آدھے سے زیادہ امریکی عوام یہ کہہ رہی ہے کہ یہ پاگل ہے، تو ایسے شخص کو کیسے صدر کی عہدے پر رکھا ہوا ہے؟۔ اقوام متحدہ کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے۔