ایس پی ڈاکٹر محمد عمر کی کھلی کچہری،مسائل سنے

لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کی جانب سے اپنے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں عوام الناس اپنے مسائل بلا جھجھک پیش کر رہے ہیں۔ ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے شہریوں کے مسائل خود سنے اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی حل کے احکامات جاری کییاس موقع پر ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں نہ صرف شہریوں بلکہ پولیس اہلکاران کے مسائل بھی سنے جا رہے ہیں تاکہ محکمہ پولیس کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے واضح کیا کہ کھلی کچہری کا مقصد سفارشی کلچر کا خاتمہ اور پولیس و عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شہریوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس پی اقبال ٹاؤن نے مزید کہا کہ عوام الناس کے درپیش مسائل کا حل اور ان کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انصاف کی بروقت فراہمی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس ہمہ وقت مستعد ہے۔عوامی حلقوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے مسائل کے حل میں تیزی اور پولیس پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔