لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 6313 ملزمان گرفتار,رواں سال 6092 مقدمات درج، 2300 کلو چرس، 750 کلو آئس اور 113 کلو ہیروئن برآمد کی گئی ترجمان لاہور پولیس کے مطابق لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران رواں سال 6313 ملزمان کو گرفتار کرکے 6092 مقدمات درج کیے اور ملزمان کے قبضے سے 2300 کلو چرس، 750 کلو آئس، 113 کلو ہیروئن، 481 کلو بھنگ اور 59 کلو افیون اور 26 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی قبضے میں لی گئی۔ اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پولیس پْرعزم ہے۔ منشیات کی خرید و فروخت اور سپلائی چین کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔انہوں نے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں، ایسے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔سی سی پی او لاہور نے منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے اور منشیات کی سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔