ویب ڈیسک: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز تیزی کا زبردست رجحان دیکھا گیا ہے اور مارکیٹ نے تاریخ میں پہلی بار 121000 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
کاروبار کا آغاز ہی پانچ سو پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے بعد مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا۔ گزشتہ روز بھی سٹاک مارکیٹ نے کاروبار کے اختتام پر 1573 پوائنٹس کی اضافے کے ساتھ 120451 پوائنٹس پر بند کیا تھا۔بروکرز کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بجٹ معاملات پر اتفاق رائے کی خبر نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے، جس سے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان پیدا ہوا ہے۔یہ مثبت رجحان ملکی معیشت کے استحکام کی جانب ایک اشارہ سمجھا جا رہا ہے اور سرمایہ کاروں میں مستقبل کے حوالے سے امیدیں بڑھ گئی ہیں۔