گلگت بلتستان: کار کھائی میں گرنے سے 2 افراد جاں بحق

گلگت بلتستان: کار کھائی میں گرنے سے 2 افراد جاں بحق

گلگت بلتستان کے علاقے روندو میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک کار موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں دونوں مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ شاہراہِ بلتستان پر شوت نالے کے قریب پیش آیا۔ کار میں سوار افراد اسکردو سے گلگت جا رہے تھے جب تیز موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی بے قابو ہو کر سینکڑوں فٹ نیچے جاگری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور دونوں لاشوں کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔جاں بحق افراد کا تعلق ضلع کھرمنگ سے بتایا گیا ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ مقامی افراد نے سڑک پر حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔