کراچی(یواین پی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مصطفی قتل کیس میں پولیس کو بلاتفریق کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے، اس پورے کیس میں تفتیش شفاف طریقے سے کی جائے تاکہ پروسیکیوشن کو کیس چلانے میں آسانی ہو،مصطفی قتل کیس کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میںچیف سیکرٹری سندھ، وفاقی حساس ادار ے کے افسر، آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی کراچی شریک تھے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی سی آئی اے ڈی آئی جی ساوتھ اور وفاقی حساس ادارے کے افسرکی جانب سے وزیراعلی سندھ کو مصطفی قتل کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت پر مکمل بریفنگ دی۔وزیراعلی سندھ کو عدالت میں ہونے والی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس اہم کیس کی تفتیش میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے تاکہ پروسیکیوشن کو مدد ملے اور وہ ملزمان کو تفتیش کی بنا پر قرار واقعی سزا دلوا سکیں۔