لاہور (خصوصی رپورٹ )ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے زیرِ اہتمام گیارہویں تھل ڈیزرٹ ریلی 5 سے 8 نومبر 2026ء تک لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کے صحرائے تھل میں ہوگی، جسکی تیاریاں جاری ہیں۔ ریلی میں ملکی و غیر ملکی ریسرز 210 کلومیٹر طویل ٹریک پر مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا کے مطابق ریلی کا مقصد ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینا، جنوبی پنجاب کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔ ریلی کے شرکاء اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ پہلے روز 5 نومبر کو کوٹ ادو کے چھانگا مانگا ٹیلہ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، تکنیکی اور طبی معائنہ ہوگا، شام کو ڈولفن ریزورٹ تونسہ بیراج میں ڈرائیورز کانفرنس اور قرعہ اندازی ہوگی۔ 6 نومبر کو کوالیفائنگ را ئونڈ اور 7 نومبر کو سٹاک کیٹیگری ریس ہوگی، اسی شام ثقافتی پروگرام اور آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔