رجب بٹ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج، تحقیقات شروع

نجی کیفے میں بدتمیزی، تھپڑ اور مبینہ فائرنگ کے الزام پر مقدمہ درج کیا گیا 
لاہور(کرائم رپورٹر) سوشل میڈیا شخصیت رجب بٹ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔ نواب ٹاؤن پولیس نے عائشہ جٹ کی درخواست پر رجب بٹ اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق مدعیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ 25 جولائی کو دوستوں کے ہمراہ ایک نجی کیفے میں کھانا کھانے گئی تھیں، جہاں دو لڑکوں اور دو لڑکیوں نے ان کی دوست سے بدتمیزی شروع کردی۔ مدعیہ کے مطابق ملزمان نے انہیں تھپڑ مارے اور اسلحہ نکال لیا، جبکہ ملزم میر شفیع نے مبینہ طور پر فائرنگ بھی کی۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی رجب بٹ نے کروائی۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نامزد ملزمان کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔