شیر گڑھ (خصوصی رپورٹ ) شیر گڑھ رینالہ خورد روڈ پر واقع اقصیٰ رائس ملز میں بجلی کی 11 کے وی ٹرانسمشن لائن میں مبینہ طور پر سپارکنگ اور تار ٹوٹ کر گرنے کے باعث خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ابتدائی اندازے کے مطابق 5 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔ رائس ملز کے مالک سردار مہتاب احمد چنا نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ملز میں توڑی (بھوسے)کی بڑی تعداد میں گانٹھیں سٹاک کی صورت میں موجود تھیں واپڈا کی مین تار ٹوٹ کر گرنے سے آگ لگی۔ پولیس، ریسکیو ون ون ٹو ٹو اور دیگر متعلقہ انتظامی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، تاہم ان کے بقول 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔